ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریل کی پٹریوں پر دنیا کا پہلا اسپتال"لائف لائن ایکسپریس" یکم اگست سے بھٹکل میں فری کیمپ

ریل کی پٹریوں پر دنیا کا پہلا اسپتال"لائف لائن ایکسپریس" یکم اگست سے بھٹکل میں فری کیمپ

Thu, 28 Jul 2016 21:22:52  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 28؍جولائی (ایس او نیوز) دنیا میں پہلی دفعہ ریل کی پٹریوں پر دوڑتے ہوئے موبائل اسپتال کی خدمات ہندوستان میں"لائف لائن ایکسپریس" کے نام سے شروع کی گئی ہیں۔ضلع کاروار کے لئے اپنی خدمات فراہم کرنے یہ اسپتال یکم اگست سے 21؍اگست تک بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر موجود رہے گا.پروجکٹ مینجر ویبھو گُپتا کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق اس موبائل اسپتال میں بشمول سرجری کے ہر قسم کی طبی سہولت عوام کو مفت دستیاب رہیں گی۔اس اسپتال میں ملک کے مشہور اور ماہر ڈاکٹروں کے ذریعے طبی معائنہ اور علاج کیا جائے گا۔ اس لئے انہوں نے ضلع کے عوام سے گزارش کی ہے کہ ضرورتمند اس سنہرے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔


اس موبائل ریل اسپتال میں دو آپریشن تھیٹرس ہیں، جس میں سرجری کے لئے پانچ ٹیبل موجود ہیں۔یہاں مریضوں کو علاج کے علاوہ کھانا، ناشتہ وغیرہ بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔ اسپتال میں داخل مریضوں کے لئے دواؤں کے ساتھ بہتررہائش کی سہولت بھی حاصل رہے گی۔اس اسپتال میں علاج کروانے کے خواہش مندافرادکو ایک مقررہ فارم میں درخواست دینی ہوگی۔ یہ فارم تمام سرکاری اسپتالوں میں دستیاب ہیں۔بتایا گیا ہے کہ اس اسپتال میں مختلف بیماریوں کے لئے انتہائی جدید طریقے سے علاج کیا جاتا ہے۔ای این ٹی ، پھٹے ہوئے ہونٹ اور جلے ہوئے زخموں وغیرہ کے لئے سرجری کے ذریعے علاج فراہم کرنے کے لئے اسپتال میں ماہر ڈاکٹرس موجود ہیں۔اس کے علاوہ آنکھوں کا معائنہ ، پولیو مریضوں کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔ البتہ الگ الگ بیماریوں کے معائنے اور علاج کے لئے الگ الگ دن مقرر کیے گئے ہیں۔ جن کی تفصیل معلوم کرکے مریضوں کو اپنی بیماری کے حساب سے مقررہ دن ہی "لائف لائن ایکسپریس" میں حاضر ہونا ہوگا۔ بھٹکل تحصیلدار وی این باڈکر نے اس تعلق سے ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "لائف لائن ایکسپریس" میں علاج کے خواہشمندوں کا ابتدائی طبی معائنہ بھٹکل تعلقہ اسپتال میں مندرجہ ذیل تاریخوں کو ہوگا:

* آنکھوں کا بشمول موتیا بند(کیاٹراکٹ) 2؍اگست سے4؍ اگست تک معائنہ کیا جائے گا۔آپریشن ضروری ہونے کی صورت2؍اگست سے 9؍اگست تک "لائف لائن ایکسپریس" میں سرجری کی جائے گی۔
* پھٹے ہوئے ہونٹوں کا معائنہ 10اور11؍اگست کو کیا جائے گا۔ اس کے آپریشن 11اور 13؍اگست کو ہونگے۔
* کان کے امراض کا معائنہ 14سے16؍اگست تک کیا جائے گا اور اس کی سرجری ضروری ہوتو آپریشن 15اگست سے 21؍اگست تک کیے جائیں گے۔
* دانتوں کا علاج 8اگست سے14؍اگست تک اور مرگی (فِٹس) کے مریضوں کے لئے 19اگست سے21؍اگست تک علاج کی سہولت دستیاب رہے گی۔

دانتوں کے مریضوں کوکیمپ کے دوران سڑے ہوئے بیکار دانت نکالنے، دانتوں کے سوراخ بھرنے اور دانتوں کی صفائی کی کارروائی انجام دی جائے گی۔ اس موقع پر اطراف کے اسکولوں میں دانتوں کی صفائی، ان کی حفاظت اور بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں لکیچرس کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

مرگی کے مریضوں کا معائنہ کرنے کے بعد انہیں ضروری دوائیں فراہم کی جائیں گی۔اس کے علاوہ ایسے مریضوں کے مناسب علاج کے لئے سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں کو ضروری تربیت بھی دی جائے گی۔
آنکھوں کے مریضوں کا معائنہ کرنے کے بعد جس کسی کو کیاٹراکٹ آپریشن کی ضرورت ہے اس کی سرجری مقررہ دن صبح ۹ بجے سے شام ۵ بجے تک کی جائے گی۔

اس تعلق سے زیادہ معلومات کے لئے عوام سرکاری اسپتال کے میڈیکل افسر سے رجوع ہوسکتے ہیں۔


Share: